بھٹکل 31 جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل میں سنیچر 29 جولائی کو انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) کے زیر اہتمام آمنہ پیلیس میں منعقدہ روزگار میلہ (جوب فیئر) نہایت کامیاب رہا جس کے ذریعے بھٹکل و اطراف کے پانچ سو سے زائد لوگوں کو ملازمت حاصل ہوئی، لیکن افسوس کی بات یہ رہی کہ اس میلہ سے مقامی مسلمانوں کو جتنا فائدہ اُٹھانا چاہئے تھا،انہوں نے نہیں اُٹھایا۔
روزگار میلہ میں بھٹکل سے بیندور، شیرور اور ہوناور، منکی، ولکی، مرڈیشور و دور دراز کے قریب 1200 لوگوں نے آن لائن رجسٹریشن کرایا تھا 900 لوگوں نے انٹرویو کا سامنا کیا، جس میں سے 250 سے زائد لوگوں کو آفر لیٹر دیا گیا ہے، جبکہ 350 سے زائد لوگوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ مرد حضرات کے ساتھ ساتھ ملازمت کے لئے نوجوان لڑکیوں کی بھی کافی تعداد نظر آئی جس میں کئی خواتین برقع پوش بھی تھی۔اسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس (اے ایم پی) کے تعاون سے منعقدہ اس فئیر میں 30 کمپنیوں کے نمائندوں فئیر میں پہنچ کر لوگوں کا انٹرویولیا۔ جبکہ سات کمپنیوں کے نمائندوں نے آن لائن انٹرویو لیا اور اپنی کمپنی کے لئے اُمیدواروں کا انتخاب کیا۔ پتہ چلا ہے کہ دھارواڑ کی کنکشن نامی ایک ہی کمپنی نے 120 لوگوں کو آفر لیٹر دیا ہے۔ جبکہ سیمنس نامی شیپنگ کمپنی میں ملازمت کے لئے سو سے زائد نوجوانوں نے انٹرویو دیا۔
صبح قریب گیارہ بجے تلاوت کلام پاک مع انگریزی ترجمہ کے ساتھ پروگرام کا آغاز ہوا۔ اُترکنڑا کے انچارج وزیر منکال وئیدیا ، بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا سمیت بھٹکل کے قاضی صاحبان مولانا عبدالرب خطیبی ندوی اور مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی ڈائس پر موجود تھے جنہوں نے انڈین نوائط فورم کے ذریعے بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کی کوششوں کی جم کر سراہنا کی ۔
میلہ کے کنوینر فیضان برماور نے نظامت کی، انڈین نوائط فورم کے صدر ایس ایم سید ارشد نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے فورم کے تعلق سے معلومات فراہم کیں۔ فورم کے جنرل سکریٹری نعمان پٹیل، سکریٹری معاذ جوکاکو، آئی این ایف کے ذمہ داران غفران لنکا، تنویر موٹیا، فیاض غنی محتشم، بلال رکن الدین، آفتاب حُسین کولا، امتیاز دامدا، قمر الزماں موٹیا اسی طرح اے ایم پی کے ذمہ داران نذیر، انیس اور شاہد سمیت بھٹکل کے سماجی اداروں کےذمہ داران اور تعلیمی ادارہ انجمن کےذمہ دارا ن اور طلبہ اس فئیر کو کامیاب بنانے میں پیش پیش رہے۔
یاد رہے کہ انڈین نوائط فورم کا یہ دوسرا روزگار میلہ تھا۔